نئی دہلی،27 مارچ (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) لوک سبھا انتخابات میں سیٹ بدلے جانے کے طریقے کو لے کر غیر مطمئن مرکزی وزیر گری راج سنگھ اب پارٹی کی جانب سے بیگو سرائے سیٹ سے ہی الیکشن لڑیں گے۔بی جے پی صدر امت شاہ نے اس بات کی اطلاع دی۔
بی جے پی کی جانب سے جاری کی گئی فہرست میں گری راج سنگھ کو ان کی موجودہ سیٹ نوادہ کے بجائے بیگو سرائے سیٹ سے ٹکٹ دیا گیا تھا۔اس کی وجہ سے وہ غیر مطمئن تھے۔بی جے پی صدر امت شاہ نے ٹویٹ کر کہاکہ گری راج سنگھ بہار کے بیگو سرائے سے لوک سبھا الیکشن لڑیں گے۔ان کی ساری باتوں کو میں نے سنا ہے اور تنظیم ان تمام مسائل کا حل نکالے گی۔ شاہ نے کہا کہ میں انتخابات کے لئے ان کو مبارکباد دیتا ہوں۔
منگل کو گری راج سنگھ نے کہا تھا کہ ریاستی قیادت اگر مجھے اعتماد میں لے لیتا تو مجھے کوئی پریشانی نہیں ہوتی، اس نے میرے جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے۔غور طلب ہے کہ نوادہ سیٹ این ڈی اے میں سیٹوں کی تقسیم کے تحت لوک جن شکتی پارٹی کے اکاؤنٹ میں چلی گئی ہے۔وہیں بیگو سرائے سیٹ پر گری راج سنگھ کا مقابلہ سی پی آئی کے کنہیا کمار اور آر جے ڈی کے تنویر حسن سے ہے۔